آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان اسٹیو اسمتھ پاکستان کی مہمان نوازی سے متاثر دکھائی دے رہے ہیں، حالیہ پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ لاہور میں مزیدار بریانی ہماری ٹیم کیلئے کمروں میں آئی۔
اسٹیو اسمتھ کا کہنا ہے کہ ہم آخری ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے، کراچی ٹیسٹ میں ہم جیت کے بہت قریب پہنچ گئے تھے لیکن ہم نے کئی چانس مس کئے۔
اسٹیو اسمتھ نے آن لائن پریس کانفرنس میں کہا کہ کراچی ٹیسٹ میں بابر اعظم نے غیر معمولی اننگز کھیلی، بابر اعظم نے اپنی اننگز کے دوران کئی ریکارڈز قائم کئے وہ ٹاپ فائیو بیٹرز میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اسپنرز کے خلاف پاکستانی بیٹرز بہت اچھا کھیلے، محمد رضوان اور عبداللہ شفیق بھی چوتھی اننگز میں عمدہ کھیلے
اسٹیو اسمتھ نے بتایا کہ میں نے ان پچز پر لمبی اننگز کھیلنے کی کوشش کی لیکن 70 کے ارد گرد اسکور کر سکا، سخت محنت کے بعد جب میں آؤٹ ہوتا رہا تو یقینی طور پر مجھے بہت مایوسی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ لاہور ٹیسٹ میں لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوں گا، کراچی ٹیسٹ کے اختتامی وقت میں مجھے کچھ مختلف نہیں لگا، اب تک سیریز بہت اچھی جا رہی ہے شاندار اسپرٹ میں کھیلی جا رہی ہے۔
آسٹریلوی بیٹر نے کہا کہ دونوں ٹیموں نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے بہترین ماحول میں کھیل ہو رہا ہے، میں نے ابھی لاہور کی پچ نہیں دیکھی لیکن باؤنسی پچ کی توقع نہیں کر رہا پہلے دو ٹیسٹ میچز سے ملتی جلتی پچ ہو گی۔
اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ ابھی تک میں نے اردو لفظ نہیں سیکھے، بریانی ہماری ٹیم کیلئے کمروں میں آئی۔
اسٹار بیٹر نے کہا کہ شاہین آفریدی، حسن علی اور فہیم اشرف نے جب ریورس سوئنگ کی کوشش کی تو میں نے پوزیشن میں آکر کھیلنے کی کوشش کی، ہم ٹیسٹ میچز چیلنجنگ کنڈیشنز میں کھیلنا پسند کرتے ہیں، ہمیں یہاں آکر مختلف پچز پر کھیلنا اچھا لگ رہا ہے۔
Comments are closed.