لاہور میں سائرہ آرٹس اکیڈمی کا شاندار افتتاح کردیا گیا۔ وفاقی وزیر ثقافت و قومی ورثہ جمال شاہ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اس کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر پاکستان کی پہلی اوپیرا اسٹار سائرہ پیٹر، پروفیسر ظفر فرانسس، موسیقار نوید ناشاد، محسن جعفر اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔
اکیڈمی کی بانی ڈائریکٹر سائرہ پیٹر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نئے فنکاروں کی جانب سے پاکستان میں آرٹس اکیڈمی کا مطالبہ بہت پرانا تھا۔ نئی نسل کو موسیقی کے میدان میں راستہ بنانے کےلیے ہم نے لاہور میں سائرہ آرٹس اکیڈمی کا افتتاح کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نئی نسل کی بھرپور رہنمائی کریں گے۔ میں لندن میں رہتی ہوں لیکن اپنے پاکستانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہوں۔
سائر پیٹر کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر جمال شاہ کا شکریہ کہ وہ ہماری دعوت پر اسلام آباد سے لاہور تشریف لائے۔
پاکستان کی پہلی اوپیرا اسٹار نے سید جمال شاہ کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے گیت اور غزلیں بھی سنائیں۔
سید جمال شاہ کا کہنا تھا کہ جس معاشرے میں موسیقی اور آرٹس کی قدر نہیں کی جاتی وہ معاشرے انتشار کا شکار ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ آرٹس اور موسیقی کو پروان چڑھایا، سائرہ آرٹس اکیڈمی بھی موسیقی کے طالب علموں کو کامیاب گائیک بنانے میں مدد گار ثابت ہوگی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ثقافت جمال شاہ نے اپنی آواز میں گیت بھی سنایا اور سائرہ پیٹر نے بھی ان کا ساتھ دیا۔
تقریب میں ظفر فرانسس نے موسیقی کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
Comments are closed.