بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

لاہور میں بارش نے20 سال کا ریکارڈ توڑ دیا

لاہور میں 7 گھنٹے کی مسلسل بارش نے20 سال کا ریکارڈ توڑ دیا، ایم ڈی واسا نے بتایا کہ شہر میں اب تک 234 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے۔

ایم ڈی واسا محمد غفران کا کہنا ہے کہ اتنی زیادہ بارش کے باوجود بیشتر علاقے کلیئر کردیے ہیں۔

واسا ایم ڈی  نے کہا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشن فعال ہیں،جنریٹر بھی استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تاج پورہ میں سب سے زیادہ 234 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، جبکہ لکشمی چوک،کوپر روڈ، دو موریہ، ایک موریہ، فردوس مارکیٹ،جی پی او کلیئر کردیے ہیں۔

ایم ڈی واسا کے مطابق نابھہ روڈ،بھاٹی گیٹ،جناح اسپتال،ٹکا چوک بھی کلیئر کر دیا گیا ہے۔

ترجمان لیسکو نے بتایا کہ لاہور کی بارش کے بعد لیسکو ریجن کے 50 فیڈرز سے بجلی کی سپلائی عارضی طور پر معطل ہے، فیلڈ اسٹاف ہائی الرٹ ہے، بارش رکتے ہی بجلی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

لیسکو ترجمان  نے کہا کہ صارفین بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں، تاروں،کھمبوں،ٹرانسفارمرز کے نیچے کھڑے ہونے، چھونے، سامان رکھنے اور ان پر کپڑے پھیلانے سے گریز کریں۔

اس کے علاوہ بجلی کی ہائی ٹینشن لائنوں سے کم از کم 10فٹ دور رہیں اور ہنگامی صورتحال میں 118 پر اطلاع دیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور سمیت متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو چوکس رہنے کا حکم دیا ہے۔

حمزہ شہباز نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو1122، واسا اور متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کریں، نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

حمزہ شہباز کاکہنا تھا کہ نکاسی آب کے کام کو کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے، منتخب نمائندے بھی اپنے علاقوں میں نکاسی آب کے کام کو مانیٹر کریں۔

محکمۂ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران لاہور میں مزید بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.