بدھ 16؍رجب المرجب 1444ھ8؍فروری 2023ء

لاہور قلندرز کے فاسٹ بولرز کو پی ایس یل 8 سے امیدیں

لاہور قلندرز کے فاسٹ بولرز دلبر حسین اور جلات خان کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)  8 سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔

دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر جلات خان نے ٹریننگ کیمپ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کپتان شاہین شاہ آفریدی کی وجہ سے بہت فائدہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ فاسٹ بولرز سمیت سب کھلاڑیوں کو ہر وقت بتاتے رہتے ہیں اور کہتے ہیں کہ بس رائٹ ایریا میں بولنگ کرنے کا سوچو۔ ان کی باتوں سے بہت اعتماد ملتا ہے کیونکہ وہ بہت سپورٹ کرتے ہیں۔

جلات خان نے کہا کہ میرا لیہ جیسے پسماندہ علاقے سے تعلق ہے، ٹیپ بال کرکٹ کھیلتے ہوئے یہاں تک پہنچا۔ عاقب جاوید سمیت دیگر کوچز نے میری بڑی مدد کی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے تو کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ میں شاہین آفریدی کے ساتھ کھیلوں گا اور وہ مجھے سکھائیں گے۔

جلات خان نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں کپتان شاہین آفریدی نے اگر ان پر اعتماد کیا تو وہ ان کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ شاہین آفریدی ان کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں جبکہ بابر اعظم کی وکٹ لینا ان کاخواب ہے، وہ یہ خواب پورا کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نمبر ون بیٹر ہیں، ان کے خلاف کیا پلان کیا جا سکتا ہے اس کا نہیں سوچا لیکن ان کی وکٹ لینا خواب ہے۔

فاسٹ بولر دلبر حسین نے کہا کہ کیمپ میں بہت محنت کی ہے، تمام کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملا ہے۔ پی ایس ایل سے قبل کی جانے والی محنت ایونٹ کے دوران ضرور کام آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس فٹنس مسائل سے دوچار رہا ہوں، ایک سال کرکٹ نہ کھیل سکا، اب میں مکمل فٹ ہوں، کوشش ہو گی کہ اپنی ٹیم کے لیے اچھا کروں۔

دلبر حسین کا کہنا تھا کہ ابھی تو بس یہ ہے کہ میں لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلوں اور ٹیم کو جتواؤں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا ایک اعزاز ہے۔ میں بھی یہ اعزاز حاصل کرنا چاہتا ہوں اور خواہش ہے کہ میں ایک دن میں پاکستان کی طرف سے کھیلوں اور ویرات کوہلی کی وکٹ حاصل کروں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.