انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 13 اپریل تک تین مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔
عمران خان کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات سخت کردیے گئے تھے، احاطہ عدالت میں اینٹی رائٹ فورس کے اہلکار تعینات کیے گئے۔
پولیس کی اضافی نفری بھی اے ٹی سی کے باہر تعینات تھی۔
اس سے قبل صبح انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ، پولیس پر تشدد اور ظل شاہ قتل کیس کے مقدمے میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی تھی۔
عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ عمران خان 11 بجے تک پیش ہوں ورنہ قانون کے مطابق فیصلہ ہو گا۔
انسداددہشت گردی کی عدالت کے جج عبہر گل نے کہا کہ جو عدالت میں آئے گا اسے ریلیف ملے گا، عمران خان کے ضمانتی مچلکے بھی جمع نہیں ہوئے۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عمران خان کے ضمانتی مچلکے جمع کرا دیتے ہیں۔
عدالت نے سماعت 11 بجے تک ملتوی کر دی تھی۔
اس سے قبل عمران خان کی جانب سے 3 مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ عمران خان لاہور میں ہیں، سیکیورٹی خطرات کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔
Comments are closed.