پیر 24؍صفر المظفر 1445ھ11؍ستمبر 2023ء

لاہور: بجلی چوروں کیخلاف کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ کمیٹی قائم

لاہور میں بجلی چوروں کیخلاف کارروائی کےلیے ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ کمیٹی قائم کردی گئی۔ ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ کمیٹی کی کنوینر ہوں گی۔

اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کا جائزہ لے گی، لائن لاسز کے بارے میں لیسکو کے متعلقہ افسران کمیٹی ممبران کو بریف کریں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی بجلی چوروں کےخلاف مقدمات کا اندراج بھی یقینی بنائے گی، جبکہ بجلی چوری والے مقامات سے بجلی تنصیبات کنکشن فوری منقطع کیےجائیں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایکسین متعلقہ کمرشل یا گھریلو مقام سے کنکشن منقطع کرنے کا پابند ہوگا، پولیس بجلی چوروں کیخلاف مقدمات درج کرکے 14دنوں میں رپورٹ کمیٹی کو دے گی۔

ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ شہر میں بجلی چوروں کیخلاف مؤثر کارروائیاں یقینی بنائی جائیں گی، لیسکو، پولیس، ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ حکمت عملی سے بجلی چوری پر قابو پایا جاسکے گا۔

رافعہ حیدر نے کہا کہ عوام سے گزارش ہے بجلی چوروں کیخلاف شکایات کا اندراج کرائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.