بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

لاہور ایئرپورٹ پر سامان کی تلاشی کے دوران مبینہ طور پر طلائی کنگن چوری

لاہور ایئرپورٹ پر کینیڈا جانے والی پاکستانی خاتون کے سامان کی تلاشی کے دوران مبینہ طور پر ان کا طلائی کنگن چوری ہوگیا، مسافر خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ عملے نے اُلٹا اُن سے معافی نامہ لکھوا کر سفر کی اجازت دی۔

ڈائریکٹر جنرل، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (ڈی جی، اے ایس ایف) نے واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ لاہور سے براستہ قطر کینیڈا جانے والی پاکستانی خاتون شازیہ عامر کے مطابق وہ 8 اگست کو کینیڈا جانے کیلئے رات دو بجے ایئرپورٹ پہنچیں۔

سرچ کاؤنٹر پر ان کا سامان اسکیننگ مشین پر رکھا گیا تو اس میں سونے کے دو کنگن تھے، جب پرس واپس دیا گیا تو کنگن ایک تھا عملے کو آگاہ کیا تو وہ سیخ پا ہوگئے اور بورڈنگ کارڈ پھاڑنے اور سفر کی اجازت نہ دینےکی دھمکیاں دیں، بعد میں معافی نامہ لکھوا کر جانے دیا گیا۔

خاتون شازیہ عامر نے سوشل میڈیا پر وزیر اعظم عمران خان سے انصاف کی اپیل کی ہے۔

اے ایس ایف اسٹاف کا کہنا ہے کہ خاتون اسکیننگ مشین  پر پرس بھول گئی تھیں، ان کے شور مچا نے پرایئر لائن کا عملہ سرچ کاؤنٹر پر آیا اور ان کا سامان ساتھ لے گیا تھا۔

ڈی جی اے ایس ایف نے واقعے کی تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.