ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران ڈھائی کلوگرام آئس ہیروئن سعودی عرب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ایک پاکستانی مسافر حبیب خان سعودی عرب کے شہر ریاض جانے کے لیے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا، مسافر کے دیگر سامان میں سلور کی ایک دیگچی بھی تھی جس میں کھانے پینے کی اشیاء اور سالن ظاہر کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ سامان کی چیکنگ کے دوران اسے مشکوک قرار دیا گیا، اے ایس ایف کے عملے نے تلاشی لی تو دیگچی سے ڈھائی کلوگرام آئس ہیروئن برآمد ہوئی۔
ترجمان کے مطابق مسافر حبیب خان کو گرفتار کر کے برآمد منشیات سمیت اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ اے ایس ایف نے آج ہی اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اسی طرح کی دو اور کارروائیوں کے دوران 6 کلو گرام سے زائد آئس ہیروئن اور 79 ہزار امریکی ڈالر برآمد کیے تھے۔
Comments are closed.