بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

لاہوری عید پر بارش میں قربانی کریں گے

لاہور میں گزشتہ رات کو شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے حبس اور گرمی میں کمی آ گئی اور موسم خوش گوار ہو گیا۔

محکمۂ موسمیات نے عید کے روز بھی بارش ہونے اور موسم خوش گوار رہنے کی پیش گوئی کی ہے، لاہور کے شہری بارش کے دوران قربانی کا فریضہ انجام دیں گے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق بارش کا نیا سلسلہ پنجاب میں داخل ہو گیا، جس کے باعث 2 روز بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔

لاہور میں بارشوں کے نہ تھمنے والے سلسلے کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کے فیڈر بند ہوگئے۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ لاہور میں کم سے درجۂ حرارت 24 اور زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔

لاہور کی فضاؤں میں بادلوں کا راج ہے، حبس اور گرمی میں واضح کمی آ گئی ہے، گزشتہ رات سے وقفے وقفے کے ساتھ جاری بارش نے موسم سہانا بنا دیا۔

بارش سے سبزہ دھل کر اور نکھر گیا، ہر سو خوبصورت نظارے ہیں، بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جبکہ کئی علاقوں میں بجلی بھی بند ہو گئی۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق لاہور میں اب تک سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 68 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، پانی والا تالاب اور جوہر ٹاؤن میں 56، 56، فرخ آباد میں 54، لکشمی چوک میں 48، چوکِ ناخدا میں 40، گلشنِ راوی میں 38 اور جیل روڈ کے علاقے میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمۂ موسمیات نے آئندہ چند روز تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے، بارش سے عید کے دن بھی موسم خوش گوار رہے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.