لاہور کی اکثر دکانوں سے 10 کلو والا آٹے کا تھیلا غائب ہو گیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق شہر میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 22سو روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
چکی مالکان ایسوسی ایشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ چکی مالکان فی کلو آٹا 170 روپے کا فروخت کر رہے ہیں۔
محکمۂ خوراک پنجاب نے کہا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں فی کلو آٹا 115روپے 80 پیسے میں مل رہا ہے، ملز کو پرانی گندم 3900 روپے فی من کے حساب سے دی جا رہی ہے۔
محکمۂ خوراک کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں گندم کی پرکیورمنٹ کا عمل جاری ہے، کسانوں سے گندم 39 سو روپے فی من کے حساب سے خریدی جا رہی ہے، ٹرانسپورٹیشن کی مد میں کسانوں کو فی من 70 روپے اضافی دیے جا رہے ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 45سو روپے فی من ہے، ملز کو سرکاری گندم کا محدود کوٹہ ملنے کی وجہ سے گندم مہنگی ہوئی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں نان بائی روٹی اور نان من مانی قیمت پر فروخت کرنے لگے، روٹی کی سرکاری قیمت 16 اور نان کی 22 روپے مقرر کی گئی ہے۔
نان بائی روٹی 20 جبکہ نان اور خمیری30 روپے میں فروخت کررہے ہیں، روغنی نان 40 روپے کے بجائے 70 روپے میں بیچا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق نان بائیوں نے سرکاری ریٹ لسٹ تندوروں سے غائب کر دی۔
Comments are closed.