لاہور میں آگ سے متاثرہ پلازا کے تاجر اور دکاندار پلازا انتظامیہ پر پھٹ پڑے اور دانستہ آگ لگانے کے الزامات لگا دیئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں پلازا کے سیکیورٹی انچارج اور ایک ملازم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
متاثرہ دکاندار کا کہنا ہے کہ بہت خراب صورتحال ہے، کوئی پرسان حال نہیں، پلازے کا تھوڑا سا حصہ بچا ہے، باقی سب تباہ ہو گیا۔
دکاندار نے کہا کہ پلازے کی دکانوں کے شیشے ٹوٹنا شروع ہو گئے ہیں۔
خیال رہے کہ لاہور کے علاقے گلبرگ میں شاپنگ پلازا میں لگی خطر ناک آگ 3 گھنٹے بعد بھی بجھائی نہ جا سکی، تاجروں اور دکانداروں کا کروڑوں کا نقصان ہو گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پلازا میں 400 سے زائد دکانیں قائم ہیں، جن میں زیادہ تر دکانیں موبائل فونز اور ریڈی میڈ گارمنٹس کی ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کا کہنا تھاکہ اے گریڈ کی آگ ہے، آگ بجھانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، آگ بجھا نے میں مزید 4 سے 6 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
Comments are closed.