پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم نے ابھی لانگ مارچ کی کال نہیں دی اور پورا اسلام آباد کنٹینرز سے بھر دیا گیا ہے، ن لیگ کا گلو بٹوں کا پورا مجمع ہے، ہماری جماعت کوئی پُرتشدد تنظیم نہیں ہے، لانگ مارچ کا مقصد پُرامن احتجاج ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عوام لانگ مارچ کیلئے بے تاب ہیں، تحریک انصاف کا طریقہ احتجاج قطعی طور پر پُرتشدد نہیں، ہم مڈل کلاس کی نمائندگی کرتے ہیں، ہم تشدد پر یقین نہیں رکھتے، ہماری کوئی ذیلی تنظیم نہیں، ہمارا لانگ مارچ کا نظریہ انتہائی پُرامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا دار و مدار نوجوان نسل پر ہے، لاکھوں نوجوان تحریک کا حصہ بنیں گے، لانگ مارچ کا چند دنوں یا ہفتوں میں اعلان ہو جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ایسی نہیں ہوئیں جیسے 6 مہینے میں ہوئیں، ایسا تشدد پہلے کبھی نہیں کیا گیا، جو پچھلے 6 مہینوں میں کیا گیا، عمران خان کا پیغام ہے کہ اپنا بوریا بستر باندھ لیں، ایک بہت بڑی تحریک کیلئے کمر کس لیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت ڈرا دھمکا رہی ہے، رانا ثناء اللّٰہ کے بیانات کسی جمہوری حکومت کے وزیر کے بیانات نہیں لگتے، ایسے بیانات کسی گلی کے غنڈے کے تو ہو سکتے ہیں لیکن وزیر کے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، 36 الیکشن میں سے 26 پی ٹی آئی جیتی، ایک بھی الیکشن اس بات پر نہیں لڑا کہ اسمبلی میں جا رہے ہیں، لوگوں نے اس بیانیے پر ووٹ دیے کہ اسمبلی میں نہیں جانا، عوام نے عمران خان کے فیصلے کی توثیق کی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آئین آپ کو ان حرکتوں سے روکتا ہے جو آپ کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن سندھ کے ممبر صوبائی حکومت سے تنخواہ لے رہے ہیں، الیکشن کمشنر کا رویہ ایسا ہے جیسے وہ پی ڈی ایم کا حصہ ہو، الیکشن کمشنر کو تھوڑی بہت شرم کرنی چاہیے۔
Comments are closed.