پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کی تیاریاں تیز کردیں، اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہے۔
لاہور میں پی ٹی آئی کا تنظیمی اجلاس ہوا، جس میں سابق وزراء، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، پنجاب ایڈوائزری کونسل اور ضلعی عہدیداروں نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اجلاس میں لانگ مارچ، ضمنی الیکشن اور حکومت مخالف تحریک کے آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔
شرکاء سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 25 مئی کا دن ملکی تاریخ کاسیاہ ترین دن تھا، جتنی پولیس گردی کی گئی، اتنی تو آمریت کے دور میں بھی نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ کارکنوں نے بہادری سے مقابلہ کیا انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، لانگ مارچ کی تیاریاں تیز کردیں، اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہے۔
پی ٹی آئی وائس چیئرمین نے مزید کہا کہ غیرقانونی گرفتاریاں کی گئیں، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے سپریم کورٹ میں پٹیشن ڈائر کردی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ ضمنی الیکشن ہورہے ہیں، پوری تیاری سے میدان میں اتریں گے، اس حوالے پارٹی نے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مخصوص نشستوں پر اب تک نامزدگی نہ ہونا باعث تشویش ہے۔
Comments are closed.