سندھ کے وزیرِ اطلاعات سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی سے آج شروع ہونے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ میں شرکت کے لیے بڑی تعداد میں کارکنان کی آمد جاری ہے۔
یہ بات سندھ کے وزیرِ اطلاعات سعید غنی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے حوالے سے ’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لوگ اپنے چیئرمین کی کال پر لانگ مارچ میں شرکت کے لیے آ رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کی گاڑی کے ارد گرد ان کی اپنی سیکیورٹی اور جانثار ہوں گے۔
سعید غنی نے مزید بتایا کہ لانگ مارچ میں رضاکاروں کی بھی سیکیورٹی ڈیوٹی لگائی گئی ہے، پلان ہے کہ غروبِ آفتاب تک اگلی منزل تک پہنچ جائیں گے۔
صدر پی پی کراچی و وزیرِ اطلاعات سندھ سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ لانگ مارچ میں لوگ زیادہ تعداد میں شریک ہوتے ہیں تو ہو سکتا ہے مارچ کے نکلنے میں کچھ دیر ہو جائے۔
واضح رہے کہ موجودہ حکومت، مہنگائی و بیروزگاری کے خلاف آج مزارِ قائد کراچی سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں لانگ مارچ شروع ہونے جا رہا ہے جو مختلف شہروں سے ہوتا ہوا شہرِ اقتدار، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے گا۔
Comments are closed.