روالپنڈی :سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ خونی ہو سکتا ہے، اس سے پہلے کہ حالات عمران خان کے ہاتھ سے نکل جائیں اسٹیبلشمنٹ کو بیچ میں آنا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہاکہ آج سے 21 دن پہلے ہمارے حالات اتنے اچھے نہیں تھے، اب لوگ سب جان چکے ہیں، جن پر فرد جرم لگنی تھی انہیں وزیراعظم اور وزیراعلی بنادیا گیا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت حالات کو کہیں اور لے جانا چاہتی ہے لیکن دعا ہے کہ ملک میں امن رہے ، مئی کے مہینے میں ہی معاملات حل ہوسکتے ہیں، گلی محلوں میں لڑائی ہونے لگی ہے جس کا ذمہ دار رانا ثناء اللہ ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ 90 دن کے اندر اندر الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے، تاکہ عوام کی مرضی کی حکومت ملک کو چلائے۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہوں، پاک فوج کو دنیا کی عظیم فوج سمجھتا ہوں، اگر عمران خان رابطے کے لیے میری ڈیوٹی لگاتے ہیں تو میں ان سے بات چیت کے لیے تیار ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ جیل ہمارا سسرال، موت ہماری محبوبہ اور ہتھکڑیاں ہمارا زیور ہیں، نواز شریف کی شکل بھی دیکھنا پسند نہیں کرتا، جوتے پالش کرنے والوں کے ساتھ قوم رہنے کو تیار نہیں ہے۔
Comments are closed.