ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
دورانِ سماعت ایڈیشنل سیشن جج صہیب بلال کی عدالت میں اسد عمر اسی کیس میں اپنے وکلاء کے ہمراہ پیش ہوئے جو جج کے روبرو حاضری لگا کر ضلعی کچہری سے روانہ ہو گئے۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا عدالت میں پیش ہوئے، جنہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شیخ رشید کو عدالت میں پیش کرنے کی درخواستیں دائر کر دیں۔
وکیل نعیم پنجوتھا نے عدالت میں اپنی درخواست کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی گرفتار ہیں جبکہ شیخ رشید اغواء ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپرٹنڈنٹ اٹک جیل سے رپورٹ مانگی تو سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بن جائے گا، ملک میں جو پریس کانفرنس کرے اس کو چھوڑ دیا جاتا ہے۔
وکیل نعیم پنجوتھا نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کی پریس کانفرنس نہیں آئی جس کے باعث وہ منظرِ عام پر نہیں آئے، صداقت علی عباسی کا بھی کوئی اتا پتہ نہیں ہے۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور شیخ رشید کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اورشیخ رشید کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
Comments are closed.