جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

ق لیگ کی ن لیگ سے ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوئی، چوہدری سالک

سابق وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کی پاکستان مسلم لیگ (ن) سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تردید کردی۔

 گجرات میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری سالک نے کہا کہ شریف برادران کی گھر آمد پر سیاسی بات نہیں صرف گپ شپ ہوئی تھی۔ مسلم لیگ (ق) کی ابھی تک کسی جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوئی۔

سابق وفاقی وزیر سالک حسین  نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں ہر وقت کوئی نہ کوئی لاڈلا رہا ہے۔ الزام لگانے والے بھی لاڈلے رہے ہیں جن پر الزام لگ رہا وہ بھی لاڈلے رہے ہیں۔

سالک حسین نے کہا کہ مریم نواز کا گجرات میں آنا اچھا لگا ہے، الیکشن تاخیر سے ہونے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ہر سیاسی جماعت کو الیکشن لڑنے کا موقع ملنا چاہیے۔

رہنما ق لیگ نے کہا کہ پرویز الہٰی چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کی کوشش کرتے رہے، پرویز الہٰی مسلم لیگ (ق) کو پی ٹی آئی میں ضم کرنا چاہتے تھے پھر خود ہی چھوڑ کر چلے گئے۔

الیکشن میں اپنے حلقہ کے انتخاب سے متعلق سالک حسین نے کہا کہ چکوال سے نہیں گجرات سے الیکشن لڑوں گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.