بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ق لیگ نے اپنا فیصلہ کرلیا، اپوزیشن سے ملے تو وزارتیں چھوڑدیں گے، پرویز الہٰی

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ موجودہ اسمبلیاں مدت پوری کریں گی، پاکستان مسلم لیگ (ق) نے اپنا فیصلہ کرلیا اپوزیشن کے ساتھ گئے تو وزارتیں چھوڑدیں گے۔

حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کا مشاورتی اجلاس ختم ہوگیا ہے، جس میں کل بھی مشاورتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔

ق لیگی قائد چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الہٰی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پارلیمانی پارٹی کو اپوزیشن اور حکومت کے ساتھ اب تک کے رابطوں پر اعتماد میں لیا گیا۔

قیادت نے پارٹی رہنماؤں کو اتحادی جماعتوں سے مشاورت پر بھی بریفنگ دی۔

پارٹی قیادت نے بتایا کہ ن لیگ اور پی پی نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ پرویز الہٰی کو دینے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے، جس کا اعلان 24 گھنٹے میں متوقع ہے۔

اس حوالے سے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ اس پر اتفاق ہوگیا ہے کہ موجودہ اسمبلیاں مدت پوری کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق)، متحدہ قومی موومنٹ اور بلوچستان عوامی پارٹی مل کر چل رہے ہیں۔

پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ اپوزیشن اتحاد میں گئے تو وزارتوں سے استعفیٰ دیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کسی بھی وقت ہوسکتی ہے۔

ق لیگی رہنما نے کہا کہ آئین اور قانون بڑا واضح ہے، اسپیکر قومی اسمبلی کو اس پر عمل کرنا چاہیے، ہم اپنا فیصلہ کرچکے، اس پر ساتھیوں سے حتمی مشاورت کر رہے ہیں۔

پرویز الہٰی نے بتایا کہ آج جہانگیر ترین گروپ کے عون چوہدری ملاقات کے لیے آئے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.