سعودی ولی عہد کی جانب سے سابق وزیر اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی کو تحفے میں دی گئی قیمتی گھڑی اور اس کی فروخت پر مبنی توشہ خانہ کیس میں مرزا شہزاد اکبر نے بیان دیا ہے۔
جیو نیوز کے سوالات پر مرزا شہزاد اکبر نے دیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں عمر فاروق ظہور نامی شخص سے کبھی نہیں ملا، میں نے کبھی فون پر یا کسی اور ذریعے سے عمر فاروق ظہور سے بات نہیں کی۔
مرزا شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ میں ذاتی طور پر فرح گوگی کو نہیں جانتا، میں نے کبھی فرح گوگی سے نہ ملاقات کی اور نہ کبھی بات کی، یہ سب کہانی گھڑی گئی ہے۔
مرزا شہزاد اکبر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پہلے عمر فاروق ظہور نے بیان دیا تھا کہ میں نے زلفی بخاری کے فون کرنے کا بتایا، جیو نیوز پر سنا کہ اب یہ شخص کہہ رہا ہے میں نے فرح گوگی کے فون کرنے کا بتایا، یہ شخص عمر فاروق ظہور ناروے میں پیدا ہوا مگر ناروے میں شہریت ختم کر دی گئی۔
شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ عمر فاروق ظہور نے ناروے میں بوڑھی خاتون سے کئی ملین کی رقم لوٹی، مجھے یقین ہے جیو نیوز ناروے حکومت سے رابطہ کر کے اس فراڈ کا پتہ لگائے گا۔
سابق وفاقی وزیر شہزاد اکبر کا مزید کہنا ہے کہ اگر گھڑی کی کہانی اس شخص کے بیانیے پر کھڑی ہے تو عوام کو کہوں گا ’گُڈ لَک۔‘
Comments are closed.