دن بھر مسلسل کام کے دوران اگر کچھ دیر قیلولہ لےلیا جائے تو نہ صرف آپ کا موڈ بہتر ہوسکتا ہے بلکہ یہ عمل آپ کے دماغ پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔
خیال رہے کہ اسلام کی روح سے قیلولہ کے بیشتر فوائد ہیں اور یہ عمل نبی کریم ﷺ اور صحابہ ؓ کا معمول رہا ہے۔
آپﷺ نے اس کی حکمت بیان کرتے ہوئے فرمایا: دن کے سونے کے ذریعے رات کی عبادت پر قوت حاصل کرو۔ (شعب الایمان للبیہقی) نیز دوپہر کو سونا عقل کی زیادتی اور کھانے کے ہضم کا باعث بھی ہے۔
تاہم اب برطانوی محققین نے حالیہ تحقیق سے یہ بات ثابت کی ہے کہ دن بھر کام کے دوران صرف 1 گھنٹے سے بھی کم وقت کے لئے قیلولہ (مختصر دورانیے کی نیند) لےلیا جائے تو یہ دماغ کو عمر کے ساتھ ساتھ سکڑنے سے محفوظ رکھتا ہے اور قبل از وقت بڑھاپے سے بھی بچاتا ہے۔
سلیپ ہیلتھ جریدے میں شائع ہونے والے تحقیق کے نتائج کے مطابق محققین نے اپنی تحقیق کے دوران مشاہدہ کیا کہ مختصر دورانیے کی نیند لینے والوں کا دماغ قیلولہ نہ لینے والوں کے مقابلے 15 کیوبک سینٹی میٹر (0.9 کیوبک انچ) بڑا ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان میں بڑھاپا 3 سے 6 سال تاخیر سے آتا ہے۔
اس تحقیقی مطالعے میں شرکاء کے دماغ کا کل سائز تقریباً 1,480 کیوبک سینٹی میٹر تک تھا۔
محققین نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کے لئے دن میں سونا مشکل ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق قیلولہ کے صرف دماغ پر ہی نہیں بلکہ اس کے صحت پر بھی دیگر کئی مثبت نتائج مرتب ہوتے ہیں۔ بعض افراد کو یہ ورزش کے مقابلے زیادہ تیزی سے وزن کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
محققین کے مطابق بھرپور نیند لینا دماغی صحت کے لئے بےحد ضروری ہے، کیونکہ کم نیند لینے سے بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ ڈیمنشیا کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
محققین کے مطابق، کم نیند وقت کے ساتھ دماغ کو نقصان پہنچاتی ہے اور دماغی خلیات کے درمیان روابط کو متاثر کر کے سوزش پیدا کردیتی ہے۔ جبکہ باقاعدگی سے قیلولہ لینے سے نیوروڈیجنریشن (neurodegeneration) سے بچا جاسکتا ہے۔
محققین نے دن میں طویل دورانیے کی نیند سے گریز کرنے اور مختصر دورانیے کی نیند پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طویل دورانیے کی نیند انسان کو سست بنا دیتی ہے۔
Comments are closed.