جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

قیدی کا موٹاپا جیل سے رہائی کا سبب بن گیا

ایک اطالوی عدالت نے اپنی پارٹنر کو قتل کرنے والے شخص کو اس کے بڑھتے ہوئے موٹاپے کے باعث جیل سے رہا کرکے گھر پر نظر بند کرنے کا فیصلہ دے دیا ہے، دیمتری فریکانو نامی یہ شخص 30 برس کی سزا کاٹ رہا ہے۔

عدالت کا کہنا  تھا کہ جیل میں ملنے والی خوراک اسے ڈائٹ پلان (مخصوص خوراک جو کہ بیماروں کو دی جاتی) پر عمل پیرا ہونے کی اجازت نہیں دے سکتی۔ 

بتایا جاتا ہے کہ اس نے 2017 میں اپنی گرل فرینڈ ایریکا کو اطالوی جزیرے سارڈینا میں تعطیلات کے دوران تلخ کلامی کے بعد قتل کر دیا تھا، جس پر اسے گرفتار کیا گیا تھا۔

پہلے تو اس نے قتل سے انکار کیا تاہم پولیس تفتیش میں ثابت ہوگیا کہ قتل اسی نے قتل کیا تھا، جس پر اس نے اقبال جرم کیا اور کہا کہ ایریکا نے اسے بستر پر کھانے پینے کی اشیا گرانے پر ڈانٹا تھا جس پر اس نے چھریوں کے وار کرکے اسے قتل کیا۔ 

عدالت نے اسے 2022 میں 30 برس قید کی سزا سنائی۔ جیل میں قید کے دوران اس کا وزن خطرناک انداز میں بڑھنے لگا اور یہ اس قابل نہ تھا کہ وزن کم کرسکے، سزا کے وقت اس کا وزن 120 کلوگرام تھا جو بڑھ کر 200 کلو گرام ہوگیا۔

جس کی وجہ سے یہ اٹھ کر چلنے کے قابل بھی نہیں اور بیساکھی یا وہیل چیئر استعمال کرتا ہے۔ 

عدالت نے کہا کہ اسے جیل میں کم کیلوری والی خوراک فراہم کرنا ممکن نہیں، لہٰذا اسے قید رکھنا خطرناک ہوگا کیونکہ اس صورتحال کے باعث اسکی موت کا امکان ہے۔ 

اسے گھر پر نظر بند کرنے کے فیصلے پر مقتولہ ایریکا کے والدین نے سخت احتجاج کرتے ہوئے اس فیصلے کو شرمناک قرار دیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.