اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈالر 100 روپے پر آ گیا تو ہمارے وارے نیارے ہو جائیں گے۔ قوم ڈالر کی قیمت کم ہونے کے لیے جھولیاں بھر کر دعا کرے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے مزید کہا کہ مفتاح اسماعیل نے ملک کو ڈیفالٹر ہونے سے بچایا، ہم ان سے مزید کام بھی لیں گے۔ اسحاق ڈار کا معیشت سے متعلق تجربہ بہت اچھا ہے۔ چیزیں بہتر ہونے کی اُمید ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ سائفر کے حوالے سے سپریم کورٹ اور نیشنل سیکورٹی کمیٹی میں یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ کسی سیاست دان نے کسی بھی غیرملکی ایجنسی کے ساتھ مل کر کوئی کام نہیں کیا اور نہ ہی اس کا کوئی ثبوت سامنے آیا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 روز سے ڈالر نیچے آرہا ہے، پوری قوم ڈالر کی قیمت میں مزید کمی کے لیے جھولیاں اٹھا کے دعائیں مانگے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر 100 روپے پر آجائے تو ہمارے وارے نیارے ہوجائیں گے۔
آڈیو لیکس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آڈیو لیکس کو آپ سب نے سُنا، اُس میں کوئی ایسی بات نہیں ہے۔ مریم نواز کے داماد کی شوگر مل کے لیے بقیہ مشینیں بھارت سے منگوانے کی بات پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر نے کی اور کوئی لین دین کی بات نہیں کی تھی۔ میں نے واضح کردیا تھا کہ یہ معاملہ اقتصادی رابطہ کمیٹی میں جائے گا اور پھر منظوری کے بعد کابینہ میں پیش ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور ہمارے داماد کی آدھی مشینری بھارت سے پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں آگئی تھی، جو مکمل نہ ہونے کی وجہ سے اب بے کار پڑی ہے۔
شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آڈیو لیکس میں کوئی ہیرے دینے، زمینیں دینے کی بات نہیں تھی، جیسی عمران خان کے دور میں سامنے آئیں۔ اگر حالیہ آڈیو لیکس میں کہیں میری غلطی ثابت ہوجائے تو میں قوم سے مافی مانگ لوں گا۔عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس شخص نے بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں نہیں رکھے بلکہ اونے پونے دام اپنے ساتھ لے گیا اور یہ حکومت پر الزام تراشی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج تک جتنے بھی سرکاری دورے کیے 1997 سے لے کر آج تک، سب بیرونی دوروں کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کیے ہیں اور یہ کوئی احسان کی بات نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کوئی بھی وزیر اعظم ہو، وہاں سیکورٹی بریچ ہو جائے تو ایسے کون آئے گا۔ یہ پاکستان کی عزت کی بات ہے۔ میں ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بنا رہا ہوں، تحقیقات کروا رہا ہوں،آڈیو لیکس حکومت کا نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے سوال کیا کہ عمران خان نے جب موجودہ آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی تو مجھ سے مشاورت کی تھی؟ ہم یہ تقرر آئین و قانون کے مطابق کریں گے۔ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ڈاکٹر نے سفر کرنے سے منع کیا ہے، جیسے ہی اجازت ملے گی وہ اپنے ملک واپس آجائیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں واپس آنا ہے تو آجائے، جمہوری اقدار کے تحت ان کے ساتھ رویہ رکھا جائے گا۔
Comments are closed.