قومی کرکٹرز نے اپنی جرسی پر موجود نمبرز کے حوالے سے راز فاش کردیے ہیں۔
گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ویڈیو میں کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان، فاسٹ بولر حارث رؤف، سینئر کرکٹر شعیب ملک، فخر زمان، نوجوان فاسٹ بولر شاہین آفریدی، پاور ہِٹر آصف علی اور آل راؤنڈر شاداب خان نے اپنی شرٹ پر موجود نمبرز کے حوالے سے بتایا۔
بابراعظم، جرسی نمبر 56
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے اپنی ٹی شرٹ کے نمبر سے متعلق بتایا کہ میری شرٹ نمبر 56 کے پیچھے کوئی راز نہیں۔
بابراعظم نے بتایا کہ پہلے اس نمبر کی زیادہ اہمیت نہیں تھی لیکن اب یہ میری کرکٹ کا ہم سفر ہے، کوشش ہوتی ہے کہ اسی نمبر کے مطابق اسکور کروں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ جلد اسی نمبر کے تعلق کی بنیاد پر ایک برانڈ بھی لانچ کرنے جارہے ہیں۔
محمد رضوان، جرسی نمبر 16
وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے مطابق جب انہوں نے پہلی مرتبہ ہارڈ بال کرکٹ کھیلی تو اپنی پہلی اننگز میں 16 رنز بنائے تھے اس کے بعد سے ان کا یہی لکی نمبر بن چکا ہے۔
انہوں نے نمبر 6 کی ایک اور وجہ یہ بھی بتائی کہ میری تاریخ پیدائش میں بھی چھ آتا ہے، بیگم کی تاریخ پیدائش میں بھی 6 جبکہ دونوں بیٹیوں کی تاریخ پیدائش میں بھی 6 کا ہندسہ شامل ہے لہذا 16 نمبر رکھنے کی اہم وجہ بھی یہی ہے۔
شاہین آفریدی، جرسی نمبر 10
شاہین آفریدی نے کہا کہ ان کی بچپن سے خواہش تھی کہ لالہ (شاہد آفریدی) کے استعمال میں رہنے والا جرسی نمبر اُن کا بھی ہو اور آفریدی نام اس پر لکھا ہو۔
شاہین آفریدی نے بتایا کہ 2018 میں پی سی بی سے درخواست کی تھی کہ 10 نمبر مجھے دیا جائے لیکن اس وقت شاہد آفریدی ریٹائر نہیں ہوئے تھے لیکن اب ورلڈ کپ کیلئے یہ مجھے مل گیا ہے ۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ 10 نمبر کی جرسی پہن کر میدان میں جانا باعث فخر سمجھتا ہوں کیونکہ یہ لالہ کے بعد میری پہچان بن گئی ہے۔
فخر زمان، جرسی نمبر 39
فخر زمان نے کہا کہ جب وہ پاکستان نیوی کا حصہ تھے تو تب اُن کے کمرے کا نمبر 39 تھا، اسی لیے اُن کی شرٹ پر درج نمبر بھی 39 ہی ہے۔
شاداب خان، جرسی نمبر 7
شاداب خان کا کہنا ہے کہ پہلے اُن کا شرٹ نمبر 29 تھا لیکن اب انہوں نے 7 نمبر منتخب کیا ہے کیوں کہ یہ نمبر انہیں پسند ہے اور ان کی بیٹنگ پوزیشن بھی یہی ہے۔
شاداب کے مطابق پہلے محمد سمیع یہ نمبر پہن کر کھیلتے تھے اور اب انہیں مل گیا ہے، اور وہ 7 نمبر ملنے پر خوش ہیں۔
شعیب ملک، جرسی نمبر 18
سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک نے اپنی جرسی پر درج 18 نمبر کے حوالے سے بتایا کہ اس کے پیچھے کوئی خاص کہانی نہیں ہے۔
آصف علی، جرسی نمبر 45
فِنشر آصف علی نے بتایا کہ ان کا شرٹ نمبر 45 ہے جس کے پیچھے کوئی کہانی نہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اب اس نمبر سے ایک تعلق بن گیا ہے اسی وجہ سے ہر آٹوگراف کے پیچھے 45 ضرور لکھتا ہوں۔
حارث رؤف، جرسی نمبر 97
حارث رؤف نے بتایا کہ پی سی بی نے انہیں 97 نمبر دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ پہلی بار پلیئرز ڈیویلمپنٹ پروگرام(پی ڈی پی) کے تحت منتخب ہوئے تھے تو انہوں نے اس وقت 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کروائی تھی۔
حارث رؤف کے مطابق انہوں نے پی سی بی سے 150 نمبر کی درخواست کی تھی ، ان کا پی ایس ایل میں بھی نمبر 150 ہے۔
Comments are closed.