جمعہ 14؍صفر المظفر 1445ھ یکم؍ستمبر 2023ء

قومی کرکٹرز کے سینٹرل کانٹریکٹس میں تاخیر کی وجہ سامنے آگئی

قومی کرکٹرز کے سینٹرل کانٹریکٹس میں تاخیر کی وجہ سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی مصروفیت کے باعث بات چیت کا عمل مکمل نہیں ہوسکا ہے۔ افغانستان سیریز، پھر وطن واپسی اور پھر ایشیا کپ کے لیے ٹیم کے سری لنکا جانے کی وجہ سے کرکٹرز سے مزید بات چیت نہیں ہوسکی۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا فوکس میچز پر رکھنے کی وجہ سے اس معاملے کو التوا کا شکار کیا گیا۔

 ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداران کی افغانستان سیریز کے دوران ہمبنٹوٹا میں کھلاڑیوں سے کانٹریکٹس پر بات چیت ہوئی تھی تاہم لیگز کی اجازت، مختلف مد میں ہونے والی آمدنی میں شئیر اور کمرشل رائٹس کے معاملات حل طلب ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل کانٹریکٹس پر بورڈ اور کھلاڑیوں میں مزید بات چیت ہوگی۔

واضح رہے کہ30 جون کو ختم ہونے والے کانٹریکٹس میں پی سی بی نے ایک ماہ کی توسیع کی تھی۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کانٹریکٹس میں توسیع نئے کانٹریکٹس کے آنے تک جاری رہے گی۔

یاد رہے کہ پی سی بی ویمن کرکٹ ٹیم اور ڈومیسٹک کانٹریکٹس کا اعلان کر چکا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.