پاکستان کے سابق کپتان، فاسٹ بولر اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کوکین کا نشہ کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وسیم اکرم نے اپنی آٹو بائیوگرافی ’سلطان اے میموئر‘ میں کئی حیران کن انکشافات کیے ہیں۔
انہوں نے کیریئر ختم ہونے کے بعد کوکین کا نشہ کرنے کا انکشاف کیا ہے اور بتایا کہ میں نے ریٹائرمنٹ کے بعد پارٹیاں شروع کردی تھیں۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد کوکین کا نشہ کرنا شروع کردیا تھا، مجھے پہلی بار انگلینڈ میں ایک پارٹی کے دوران کوکین کی آفر ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ کوکین کے نشے کی عادت ریٹائرمنٹ کے بعد 2003ء میں ہوئی، پہلی بیوی ہما کی 2009ء میں موت کے بعد کوکین کا نشہ چھوڑ دیا تھا۔
وسیم اکرم نے بتایا کہ سب سے بدترین یہ تھا کہ کوکین کا نشہ میری عادت بن گئی تھی، وقت کے ساتھ ساتھ میری کوکین کی عادت شدید ہوتی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت میں مجھے محسوس ہوتا تھا کہ مجھے کام کرنے کے لیے اس کی ضرورت ہے، نشے کی وجہ سے میں تنہائی کا شکار ہو گیا تھا۔
سابق کپتان نے یہ بھی کہا کہ نشے کی زیادتی کی وجہ سے میری حالت غیر ہوتی گئی، نہ نیند آتی تھی نہ کھانا کھاتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میری پہلی اہلیہ ہما کو میری جیب سے کوکین ملی تھی، اُس نے مجھے کہا تھا تمہیں مدد کی ضرورت ہے، ہما ہی نے نشے کی عادت چھڑوانے میں میری مدد کی۔
وسیم اکرم نے کہا کہ نشے سے چھٹکارا پانے کے لیے ری ہیب سینٹر میں داخل ہونا پڑا، میں نے ایک بار اپنی بیوی کو طلاق دینے کے بارے میں بھی سوچا۔
انہوں نے کہا کہ 2009 میں اچانک بیوی کے وفات کے بعد سے کوکین کی عادت چھوڑ دی، تب کے بعد سے کوکین کے استعمال کو مڑکر بھی نہیں دیکھا۔
سابق کپتان نے کہا کہ پچھلے 25 سالوں سے شوگر کا مریض ہوں، یہ سب سامنے لانا آسان نہ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کتاب کی پبلشنگ کی وجہ سے تھوڑی پریشانی ہے مگر میں اپنے بچوں کو اپنی زندگی کی کہانی بتانا چاہتا ہوں۔
وسیم اکرم پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ اور ون ڈے میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر ہیں، وہ 18 سالہ کریئر کے بعد 2003 میں وہ انٹرنیشنل کریئر سے ریٹائر ہو گئے تھے۔
وسیم اکرم نے پہلی بیوی کے وفات کے بعد دوسری شادی کی، پہلی بیوی سے دو بیٹے جبکہ دوسری بیوی سے 7 سالہ بیٹی ہے۔
Comments are closed.