بدھ29؍ربیع الاول 1444ھ26؍اکتوبر 2022ء

قومی ویمن کرکٹرز کے اعتماد میں اضافہ کیسے ہوا؟

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ بھارت کو ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں ہرانے کے بعد ویمن کرکٹرز کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ سلیم جعفر نے کہا کہ اب کھلاڑیوں میں اعتماد آیا ہے کہ وہ کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتی ہیں، لیگ میچ میں سری لنکا کو بھی ہرایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سیمی فائنل میں سری لنکا کو ہرانا چاہیے تھا، سیمی فائنل میں کھلاڑیوں نے غلطیاں کیں، لیکن ایشیا کپ میں مجموعی طور پر کارکردگی اچھی تھی، ایونٹ میں 5 مختلف کھلاڑی پلیئر آف دی میچ رہیں، اس کا مطلب ہے کہ کھلاڑی پہلے سے بہتر ہو رہی ہیں۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ آئرلینڈ کے خلاف سیریز بڑی اہم ہے، آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کے تین ون ڈے ہیں، اس لیے ورلڈ کپ کی کوالیفکیشن کے لیے پوائنٹس بہت ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی مسلسل ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلتی آ رہی ہیں اب ون ڈے پر فوکس ہے، ٹریننگ کیمپ میں بھی ون ڈے کرکٹ کی مناسبت سے پریکٹس کی جا رہی ہے۔

سلیم جعفر نے کہا کہ آئرلینڈ کے خلاف زیادہ کھیلنے کا تجربہ نہیں ہے، کامن ویلتھ گیمز سے پہلے تین ملکی سیریز میں بارش کی وجہ سے میچز نہیں ہو سکے تھے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئرلینڈ کے پاس پیسرز ہیں جبکہ بیٹنگ میں ان کا انحصار ایک دو کھلاڑیوں پر ہے، اگر دیکھا جائے تو آئرلینڈ کے مقابلے میں ہماری ٹیم بہتر ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.