پاکستانی فٹبال ٹیم 3 سال بعد پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے کے لیے اتوار کو نیپال روانہ ہوگئی۔
قومی ٹیم کی قیادت حسن بشیر کر رہے ہیں جبکہ محمد عمر حیات ان کے نائب اور شہزاد انور ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ٹیم کے ہمراہ ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان نے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ 2019ء میں فیفا ورلڈکپ کوالیفائرز میں کمبوڈیا کے خلاف کھیلا تھا۔
نیپال میں دورے کا واحد دوستانہ میچ 16 نومبر کو کھیلا جائے گا، پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم 3 سال کے بعد انٹرنیشنل ٹریک پر واپس آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فٹبالرز کو اپنے ملک کی نمائندگی کا موقع مل رہا ہے، ان کو صلاحیتوں میں نکھار لانے اور اعتماد میں بھی اضافہ کا موقع ملے گا۔
ہیڈ کوچ شہزاد انور کا کہنا ہے کہ 7 ہفتے پر محیط ٹریننگ کے بعد اسکواڈ کو حتمی شکل دی گئی، اُمید ہے کہ کھلاڑی جوش اور جذبے سے کھیلتے ہوئے کامیابی حاصل کریں گے۔
قومی اسکواڈ میں تین گول کیپرز شامل کیے گئے ہیں جن میں ثاقب حنیف، یوسف اعجاز بٹ اور عبدالباسط شامل ہیں۔
ڈیفینڈرز میں زین (جونیئر)، سہیل خان، سید جنید علی شاہ، عبداللّٰہ شاہ، مامون موسیٰ، عبداللّٰہ اقبال، سردار ولی اور حسیب خان شامل ہیں۔
مڈ فیلڈرز میں عمیر علی، زین العابدین اسحاق، عبدالقدیر خان، عالمگیر غازی، محمد عدنان یعقوب اور عدنان سعید شامل ہیں۔
اسی طرح فارورڈز میں محمد افضل، محمد وحید، محمد ولید خان اور شائق دوست شامل ہیں۔
محمد حبیب اسسٹنٹ کوچ، زاہد تاج گول کیپنگ کوچ، ڈاکٹر عدنان فزیو، ارتضیٰ حسین منیجر، حسنین حیدر، محمد علی، حیدر علی اور عبدالقیوم شامل ہیں۔
Comments are closed.