سندھ کے شہر قمبر شہدادکوٹ میں پولیس کی کارروائی کے دوران کراچی کے سینئر صحافی اطہر متین کے قتل میں ملوث ملزم ہلاک ہوگیا۔
ایس ایس پی قمبر شہدادکوٹ کے مطابق قمبر شہداد کوٹ اور کراچی پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت انور حسنی بروہی کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم انور کی گرفتاری کے لئے 20 لاکھ روپے انعام مقرر تھا، ہلاک کئے گئے ملزم کے دوسرے ساتھی اشرف کو منگھوپیر سندھ بلوچستان بارڈر سے 26 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ہلاک ہونے والے ملزم کا کرمنل ریکارڈ جیو نیوز نے حاصل کرلیا، ملزم کے خلاف 13 مقدمات درج تھے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم 2014ء سے وارداتوں میں ملوث اور 3 مرتبہ گرفتار ہوچکا تھا، ملزم ہر بار ضمانت پر رہا ہوکر وارداتیں کرتا رہا۔
دوسری جانب صحافی اطہر متین کے قتل کی تحقیقات بھی جاری ہیں، جائے وقوعہ سے ملنے والے خول کی فارنزک رپورٹ بھی آگئی ہے، جس میں قتل میں استعمال اسلحہ پہلے بھی واردات میں استعمال ہونے کا انکشاف ہوا۔
رپورٹ کے مطابق چند روز قبل گلبرگ میں بھی اسی اسلحے سے شہری پر فائرنگ کی گئی تھی، ملزم انور اور اشرف نے موٹرسائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر گولی چلائی تھی۔
Comments are closed.