وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف 2 روز کے سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے
وزیرِ اعظم دوحہ میں اقوام متحدہ کی کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں ترقی پذیر ممالک میں پائیدار ترقی تیز کرنے کے اقدامات پر غور ہو گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کانفرنس میں شریک رہنماؤں اور وفود کے سربراہان سے ملاقات بھی کریں گے۔
دو روزہ کانفرنس آج سے دوحہ میں شروع ہو گی، ترقی کرتے ممالک کی کانفرنس کا یہ پانچواں اجلاس ہے۔
امیر قطر کانفرنس میں شریک سربراہان مملکت کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے، وزیرِ اعظم شہباز شریف استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف 6 مارچ کو کانفرنس کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حماد کی دعوت پر قطر آیا ہوں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں سماجی و معاشی چیلنجز پر پاکستان کا مؤقف سامنے رکھوں گا۔
انہوں نے کہا کہ کم ترقی یافتہ ممالک موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
Comments are closed.