سعودی عرب نے سوئیڈن کے حکام کے غیر ذمے دارانہ اقدامات اور کچھ انتہا پسندوں کو قرآن کریم کے نسخوں کو نذر آتش اور بے حرمتی کرنے کی بار بار اجازت دینے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں کے جذبات کو منظم طریقے سے اشتعال دلانے کا عمل ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سوئیڈن کے ناظم الامور کو طلب کر کے مملکت کی جانب سے احتجاجی پیغام ان کے حوالے کریں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب سویڈش حکام کو ان غلیظ کارروائیوں کو روکنے کے لیے تمام فوری اور ضروری اقدامات کرنے کا کہے گا۔
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب مذاہب کے درمیان نفرت کو ہوا دینے اور لوگوں کے درمیان بات چیت کو محدود کرنے والی ان تمام کارروائیوں کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔
خیال رہے کہ سوئیڈش پولیس نے جمعرات کو اسٹاک ہوم میں عراقی سفارتخانے کے باہر سلوان مموکا سمیت دیگر مظاہرین کو ایک مرتبہ پھر قرآن کریم کا نسخہ جلانے کی اجازت دی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ عراقی شہری سلوان مموکا نے اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہر قرآن کریم کے نسخے کو نذر آتش کیا تھا جس پر مسلمان ممالک کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا تھا۔
Comments are closed.