قاضی احمد کے قریب نیشنل ہائی وے پر احتجاج کرنے والوں کے دھرنے کی وجہ سے اندرون ملک آنے جانے والی ٹریفک کو مختلف متبادل روٹس پر بھیجا جارہا ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس موٹروے ساوتھ زون شاہد جاوید کے مطابق قاضی احمد کے قریب دھرنے کے شرکا نے روڈ بلاک کیا ہوا ہے، جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام معطل ہے۔
شاہد جاوید کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ ٹریفک کی بحالی کے لیے موٹروے پولیس کی جانب سے اضافی نفری کو متعین کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موٹروے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر متبادل روٹس لگادیے گئے۔
کراچی اور حیدرآباد سے آنے والی ٹریفک کو آمری پل کے ذریعے انڈس ہائی وے کی جانب بھیجا جارہا ہے جبکہ موٹروے پولیس کی جانب سے سدوجا کے قریب سے ٹریفک کو مہران ہائی وے کی طرف بھیجا جارہا ہے۔
اسی طرح سکھر اور نوشہرو فیروز سے آنے والی ٹریفک کو مورو سے انڈس ہائی وے کی جانب بھیجا جارہا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس ساؤتھ زون نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ منزل تک پہنچنے کے لئے متبادل راستہ اختیار کریں اور کسی بھی قسم کی رہنمائی اور مدد کے لیے 130 ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔
Comments are closed.