سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی درخواست پر اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں گرشتہ رات واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
قاسم سوری کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ میں دوستوں کے ساتھ سحری کے لیے کوہسار مارکیٹ گیا، وہاں موجود چند پی ٹی آئی مخالف لوگوں نے ہم پر حملہ کر دیا۔
درخواست گزار قاسم سوری نے ایف آئی آر میں مزید کہا ہے کہ حملہ آور لوگ ہمیں جان سے مارنا چاہتے تھے، سامنے آنے پرحملہ آوروں کو میں اور میرے ساتھی پہچان سکتے ہیں۔
قاسم سوری کی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ لوگوں نے بیچ بچاؤ کرا کے ہماری جان بخشی کروائی، جس کے بعد حملہ آور للکارتے ہوئے 3 بڑی گاڑیوں میں فرار ہو گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور جمہوری وطن پارٹی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا تھا۔
سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری ہوٹل پر بیٹھے تھے جہاں واقعہ پیش آیا، نعرے لگانے والوں کی قاسم سوری سے ہاتھا پائی ہوئی تھی۔
Comments are closed.