سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ عمران خان قائد اعظم کے بعد پاکستان کے سب سے مقبول لیڈر ہیں دعوے سے کہتا ہوں ضمنی انتخابات میں نو کے نو حلقوں سے عمران خان کامیابی حاصل کریں گے.
علی زیدی نے ’’جنگ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے اور پنجاب حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کو امداد روکنے کے لیے کوئی خط نہیں لکھا گیا، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے تحریک انصاف کو بدنام کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ بات لکھ کر دینے کو تیار ہوں کہ پیپلز پارٹی کی سندھ میں یہ آخری حکومت ہے، سندھ میں اگلی حکومت تحریک انصاف کی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سندھ میں سیلاب سے تباہ حال ہوگوں کو ترسایا جا رہا ہے پیپلز پارٹی کے جاگیردار پچاس پچاس روپے دکھا کر مظلوم عوام کی بد دعائیں لے رہے ہیں اس سے سندھ کے عوام جاگ چکے ہیں اور انہیں عمران خان کی صورت میں اپنے لیے ایک مسیحا نظر آرہا ہے۔
علی زیدی نے کہا کہ پچھلے عام انتخابات میں تحریک انصاف لاڑکانہ سمیت کئی علاقوں سے جیت چکی تھی لیکن اسے زور زبردستی سے ہرایا گیا لیکن اگلے انتخابات میں ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
سابق وزیر نے کہا کہ اپنی وزارت کے دور میں پی این ایس سی کو بہتر بنانے کے لیے بہت کوشش کی لیکن پوری طرح کامیاب نہیں ہوسکا، ماضی میں پی این ایس سی میں 9جہاز تھے جو اب بڑھ کر 12 ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے وزارت تجارت سے کئی بار کہا کابینہ میں بھی یہ بات رکھی کہ پاکستان اپنی تمام درآمدات کو ایف او بی خریدے، پی این ایس سی تمام درآمدات کو پی این ایس سی کے جہازوں پر پاکستان لائے گی اور فریٹ کی تمام رقم روپے میں لے گی جس سے پاکستان کو اربوں ڈالر کا زرمبادلہ بچے گا لیکن ایک مافیا تھا جس نے ہماری بات نہیں مانی یہی وجہ ہے کہ اس وقت پاکستان 6 ارب ڈالر صرف فریٹ کی مد میں سالانہ ادا کرتا ہے۔
Comments are closed.