سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ، سابق وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد بیماری کا بہانہ بنا کر اسپتال میں چھپے بیٹھے ہیں۔
سوشل میڈیا سائٹس پر ایک پوسٹ وائرل ہے جس میں شیخ رشید احمد کی ایک تصویر شیئر کی گئی ہے، اس تصویر میں شیخ رشید احمد کو اسپتال کے بستر پر لیٹے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس وائرل پوسٹ میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پارلیمنٹ کو آگ لگانے والا اور اداروں کو کھلی دھمکیاں دینے والا شیخ رشید بیماری کا بہانہ بنا کر اسپتال میں چُھپا بیٹھا ہے۔
دوسری جانب اگر اس پوسٹ کے بارے میں تحقیق کی جائے تو معلوم ہوا کہ یہ شیخ رشید کی تازہ نہیں بلکہ دو سال پرانی 2020ء کی تصویر ہے جب سابق وفاقی وزیر کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔
یہ تصویر جس اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ہے اسے تقریباً 110,000 سے زیادہ صارفین فالو کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس تصویر کو ایسے وقت میں شیئر کیا گیا ہے جب شیخ رشید احمد کے گھر پر پولیس چھاپوں کی خبریں زیرِ گردش ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کی جانب سے شیخ رشید احمد کی ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں اُنہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ شیخ رشید احمد بیرونِ ملک دبئی میں موجود ہیں۔
Comments are closed.