وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے پاکستان کے جلد نکلنے میں وزارت خارجہ کا اہم کردار ہے، اب وزارت خارجہ روایتی اپروچ کے ساتھ کام نہیں کر سکتی۔
اسلام آباد میں وزارت خارجہ میں انتظامی اصلاحات سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا کے ساتھ اچھے روابط کیلئے اہم فیصلے ضروری ہیں، ڈپلومیٹک سروس کے اصول و ضوابط پر پوری طرح عمل درآمد ضروری ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کسی بھی گلوبل چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہمیں ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا، وزارت خارجہ کے افسران ملکی مفاد کیلئے اہم کردار ادا کرتے ہیں، دنیا بھر میں پاکستانی مشنز ملک کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ وزارت خارجہ کے افسران ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، وزارت خارجہ کا اوورسیز پاکستانیوں کی سیکیورٹی اور بہتری میں اہم کردار ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ٹیم ورک کے ذریعے کسی بھی چیلنج سے نمٹا جاسکتا ہے۔
Comments are closed.