ویمنز فٹبال ورلڈکپ میں فلپائن نے میزبان نیوزی لینڈ کو ایک گول سے ہرا دیا، جبکہ کولمبیا نے جنوبی کوریا کو دو گول سے شکست دے دی، سوئٹزرلینڈ اور ناروے کے درمیان میچ بغیر کسی گول سے برابر رہا۔
ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں فلپائن نے ہوم ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف 24ویں منٹ میں برتری حاصل کر لی۔ میچ کا واحد گول سرینا بلوڈین نے اسکور کیا۔ کیویز کی جانب سے میچ برابر کرنے کی تمام کوششیں رائیگاں گئیں اور میچ فلپائن نے ایک صفر سے جیت لیا۔
واضح رہے کہ یہ فلپائن ویمنز ٹیم کا فیفا ویمنز ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی کامیابی تھی۔
گروپ ایچ کے میچ میں کولمبیا نے جنوبی کوریا کے خلاف پہلے ہی ہاف میں دو گول داغ دیے۔ کیٹالینا ایسمے نے پنالٹی کک پر پہلا گول بنایا۔ 39ویں منٹ میں کائیسیڈو نے اسکور دو صفر کر دیا۔
دوران میچ جنوبی کوریا کےلیے تاریخی موقع تھا جب 77ویں منٹ میں کیسی فیئر کو میدان میں اتارا گیا۔ وہ 16 سال 26 دن کی عمر میں ورلڈکپ میچ کھیلنے والی کم عمر ترین کھلاڑی بن گئیں۔
دوسرے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ بنا سکی اور میچ کولمبیا نے 0-2 سے جیت لیا۔
میگا ایونٹ میں سوئٹزرلینڈ اور ناروے کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔
Comments are closed.