ورلڈ کپ فٹبال کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس نے مراکش کو 2 صفر سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے مسلسل دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں جگہ حاصل کرلی ہے۔
البیت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فرانس کی جانب سے تھیو ہرنانڈس نے میچ کے پانچویں منٹ میں پہلا گول سکور کیا۔
فرانس کے پہلے گول کے بعد مراکش کی ٹیم نے حریف ٹیم پر حملے بڑھائے مگر اُن کے کھلاڑی اسکور نہ کرسکے اور وقفے تک مقابلہ ایک صفر رہا۔
دوسرے ہاف میں مراکش نے حکمت عملی تبدیل کی اور اٹیکنگ گیم کھیلا، انہیں گول کرنے کے متعدد مواقع ملنے کے باوجود وہ خسارہ پورا نہ کرسکے، اسی دوران میچ کے 79 ویں منٹ میں کولو موآنی نے گول کرکے فرانس کی برتری دو صفر کردی۔
مراکش کے حملے اس کے بعد بھی جاری رہے، آخری چند منٹوں میں اُنہوں نے تابڑ توڑ حملے کیے مگر ناکام رہے اور میچ دو صفر سے فرانس کی جیت پر ختم ہوا۔
دفاعی چیمپئن فرانس مسلسل دوسری مرتبہ فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہی جہاں اتوار کو فیصلہ کن معرکے میں اُس کا مقابلہ ارجنٹینا سے ہوگا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا۔
میچ دیکھنے کے لیے فرانس کے صدر میکرون دوحا اسٹیڈیم میں موجود تھے، انہوں نے اپنی ٹیم کو بھرپور انداز میں سپورٹ کیا۔
سیمی فائنل میں مراکش کی شکست پاکستان سمیت دنیا بھر میں موروکو فیز کو اداس کر گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے لیاری میں شائقین کی بڑی تعداد نے دوسرا سیمی فائنل بڑی اسکرین پر دیکھا۔
Comments are closed.