فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ہارون ملک کی سربراہی میں کام کرنے والی نارملائزیشن کمیٹی کی حمایت کرتے ہوئے حکومت پاکستان کو آگاہ کیا ہے کہ فیفا اس کمیٹی کو 15 مارچ 2024 تک کی توسیع دے چکا ہے۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ نے 19 جون 2023 کو فیفا کو ایک خط بھیجا تھا۔ فیفا صدر جیانی انفینٹینو کے نام اس خط پر وزارت کے جوائنٹ سیکریٹری احسان اللّٰہ کے دستخط تھے۔
خط میں لکھا گیا تھا کہ فیفا نارملائزیشن کمیٹی 4 سال میں الیکشن نہیں کرا سکی۔ خط میں ہارون ملک کو ہٹا کر ایک فوکل پرسن لگانے کی سفارش کی گئی تھی۔
فیفا کی جانب سے 17 جولائی کو اس خط کا جواب دیا گیا۔ جوابی خط فیفا نے اے ایف سی کے ساتھ مشترکہ طور پر بھیجا ہے۔
خط میں ہارون ملک کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ گو کہ پاکستان میں 2019 میں نارملائزیشن کمیٹی نافذ کی گئی تھی مگر ہارون ملک کی سربراہی میں موجودہ کمیٹی پچھلے سال جون سے ہی بلاتعطل کام کی پوزیشن میں آئی ہے۔
خط میں حکومت کو بتایا گیا ہے کہ ماضی میں کوویڈ اور فیفا سے معطلی کی وجہ سے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نارملائزیشن کمیٹی اپنا کام نہیں کر پائی تھی تاہم گزشتہ سال معطلی ختم ہونے کے بعد سے نارملائزیشن کمیٹی نے بڑے پیمانے پر کام کیا ہے۔ خط میں اس کمیٹی کو کام میں درپیش چیلنجز کا بھی ذکر ہے۔
فیفا خط کے مطابق حکومت پاکستان کو بتایا گیا ہے کہ پی ایف ایف آئین کے تحت الیکشن کو شفاف انداز میں منعقد کروانے کیلئے اسکروٹنی کا عمل ایک بڑا چیلنج ہے۔
خط میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کو پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کی مدت میں مارچ 2024 تک توسیع کا بھی بتایا گیا ہے۔
فیفا نے حکومت پاکستان کو ستمبر میں دبئی میں چار فریقی ملاقات کی بھی آفر کردی ہے جس میں فیفا، اے ایف سی، پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی اور حکومتی نمائندے شریک ہوں گے تاکہ پی ایف ایف کی موجودہ صورتحال سمیت الیکشن کے بعد کی صورتحال پر بات کی جائے گی۔
Comments are closed.