پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن نوٹس لے، جس پارٹی کی بنیاد ہی دھاندلی پر رکھی جائے وہ آگے کیا کرے گی۔
اپنے ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سابق چیئر مین پی ٹی آئی کو اپنے لوگوں میں کوئی نہیں ملا، جئے بھٹو کا نعرہ لگانے والاجیالہ ہی ملا، گوہر علی خان نے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج ایک الیکشن ہوا جس میں سلیکشن ہوئی، جن لوگوں کو بیساکھیوں سے لایا گیا آج انہوں نے اپنی روایات کو برقرار رکھا، پارٹی میں جنہوں نے الیکشن لڑنا تھا ان کو ووٹنگ کا لنک ہی نہ بھیجا گیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جس پارٹی کے اندرونی انتخابات میں دھاندلی ہو وہ آگے کیا کریں گے، ہمارا الیکشن کمیشن سےمطالبہ ہے کہ اب الیکشنز کو چیک کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کہتا تھا کہ جو 2 بار الیکشن لڑے گا اس کو تیسری بار لڑنے کی اجازت نہ ہوگی، آج بھی ان کو چیئرمین کے لیے پیپلز پارٹی کا پرانا جیالا ملا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کبھی مفرور شخص بھی الیکشن لڑ کر جیت سکتا ہے؟ الیکشن کمیشن بتائے کہ مستقبل میں کیا مفرور لوگوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت ہوگی؟
انہوں نے کہا کہ 8 فروری پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے۔ بلاول بھٹو زرداری 7 دسمبر کو شانگلہ اور 10 دسمبر کو کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پشاور میں ویمن کنونشن سے بھی خطاب کریں گے، کوئٹہ میں ہمارے ساتھ اہم شخصیات سمیت 3 سابق ایم پی ایز نے بھی شرکت کی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ کوئٹہ سے سرد ہوائیں شروع ہوئیں اور اسلام آباد میں حالات تبدیل ہوئے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 8 فروری الیکشن کے لیے شیڈول آئے گا تو پیپلز پارٹی اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ آصف زرداری نے اپنی پگڑی بلاول کو پہنائی، یہ لوگوں کے لیے خاموش پیغام تھا، ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کے لیے کیا ہم نے کہا تھا؟ ایم کیو ایم ہر حکومت میں رہی ہے، وہ حکومت سے باہر نہیں رہ سکتے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ اس وقت پی آئی اے میں بندر بانٹ کا سلسلہ جاری ہے، ہم نے ہمیشہ پی آئی اے کے ملازمین کا ساتھ دیا۔
Comments are closed.