پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے سابقہ اتحادی جماعت جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سوالات پوچھ لیے۔
مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا کی فرمائش ہے انتخابات ضروری نہیں ہیں جبکہ آئین کا تقاضا ہے کہ 90 دن کے اندر انتخابات ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے وفاقی کابینہ اجلاس میں بھی عام انتخابات 90 روز میں کرانے کی بات کی تھی، بتائیں مولانا فضل الرحمان کس کی فرمائش پر جنوری میں انتخابات سے بھاگ رہے ہیں؟
فیصل کریم کنڈی نے استفسار کیا کہ مولانا فضل الرحمان قوم کو سچ سچ بتائیں کس قیمت پر ایل ایف او کو آئین سے نتھی کیا تھا؟
اُن کا کہنا تھا کہ جے یو آئی سربراہ بتائیں کہ انہوں نے کس کے اشارے پر لانگ مارچ کیا اور کس کے اشارے پر ختم کیا تھا؟
پی پی ترجمان نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے لانگ مارچ کرکے کٹھ پتلی کو اقتدار چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری سوچ رکھنے والے انتخابات سے بھاگنے کے لیے بہانے تلاش نہیں کرتے، اگر محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید نہ کیا جاتا تو 8 جنوری 2008ء کو انتخابات ہو جاتے۔
Comments are closed.