الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما و وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واؤڈا اپنے خلاف نااہلی کے کیس کی سماعت کے دوران آج پھر پیش نہیں ہوئے، ان کے وکیل نے 50 ہزار روپے جرمانہ جمع کرا دیا۔
فیصل واؤڈا کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ لاہور میں مصروفیت کے باعث 9 فروری کو الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوسکا تھا، الیکشن کمیشن 9 فروری کے اپنے حکم نامے پر نظرِ ثانی کرے۔
الیکشن کمیشن نے فیصل واؤڈا کے وکیل کی درخواست مسترد کر دی۔
ممبر الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن فیصلے پر نظرِ ثانی کرے، آپ کمیشن کے آرڈر کو چیلنج کر دیتے۔
ممبر الیکشن کمیشن الطاف ابراہیم قریشی نے استفسار کیا کہ معاون وکیل صاحب آپ نے فیصل واؤڈا کے وکیل محمد بن محسن کو کمیشن کا حکم پہنچایا تھا؟
معاون وکیل نے کہا کہ جی میں نے الیکشن کمیشن کا حکم محمد بن محسن کو پہنچا دیا تھا۔
الطاف ابراہیم قریشی نے فیصل واؤڈا کے وکیل سے سوال کیا کہ کیا آپ نے الیکشن کمیشن کا حکم فیصل واؤڈا کو پہنچایا تھا؟
فیصل واؤڈا کے وکیل محمد بن محسن نے جواب دیا کہ جی فیصل واؤڈا کو پیغام پہنچا دیا تھا۔
الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ فیصل واؤڈا کیا قانون سے بالاتر ہیں؟ اتنا جھوٹ بولتے ہیں، ایک اور جھوٹ بھی بول دیتے کہ جہاز کا ٹکٹ نہیں ملا، ہم روایت نہیں بنانا چاہتے کہ اسمبلی خالی ہوتی جائے، فیصل واؤڈا آ کر بتا دیتے کہ میں نے اس تاریخ کو دہری شہریت چھوڑ دی تھی۔
فیصل واؤڈا کے وکیل نے کہا کہ فیصل واؤڈا کی والدہ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، وہ نہیں آسکے۔
فیصل واؤڈا کے وکیل نے اخراجاتی جرمانے کی مد میں 50 ہزار روپے کمیشن میں جمع کرا دیئے۔
الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ 50 ہزار روپے پاکستان سویٹ ہوم میں جمع کرا دیئے جائیں۔
فیصل واؤڈا کے وکیل نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ 20 جنوری کی سماعت میں الیکشن کمیشن نے سوالات پوچھے تھے، جبکہ الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ نے مجھے آرڈر کی کاپی نہیں دی تھی، الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصل واؤڈا سے سوال کیا گیا تھا کہ دہری شہریت کب چھوڑی۔
الیکشن کمیشن نے فیصل واؤڈا کی نااہلی کے کیس کی سماعت 10 مارچ تک ملتوی کر دی۔
Comments are closed.