صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں شادی سے انکار پر جسمانی و ذہنی تشدد کا نشانہ بننے والی میڈیکل کی طالبہ کا بیان سامنے آیا ہے۔
متاثرہ لڑکی نے یہ ویڈیو بیان بااثر خاندان سے صلح سے متعلق زیرِ گردش افواہوں کے نتیجے میں ریکارڈ کروایا ہے جو کہ سوشل میڈیا پر اس وقت خوب وائرل ہے۔
متاثرہ لڑکی کا اپنے ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ میرا نام خدیجہ ہے اور مجھے معلوم ہے کہ صبح سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے کہ ہم نے اِن مجرموں سے صلح کر لی ہے۔
متاثرہ لڑکی کا مرکزی ملزم شیخ دانش سے متعلق کہنا ہے کہ میں نے اس مجرم خاندان سے کوئی صلح نہیں کی ہے، سوشل میڈیا پر وائرل نیوز جعلی ہے، میں تاحال یہ کیس لڑ رہی ہوں اور اپنے مؤقف پر ڈٹی ہوئی ہوں، میں چاہتی ہوں کہ آپ سب میرا ساتھ دیں۔
متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ ہم انشاءاللّٰہ تعالیٰ ان مجرموں کو ضرور سزا دلوائیں گے، ہم نے ان سے کوئی صلح نہیں کی ہے۔
متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ صلح سے متعلق وائرل ویڈیو پرانی ہے جو کہ مجھ سے انا (متاثرہ لڑکی کی دوست، شیخ دانش علی کی بیٹی) نے بنوائی تھی، مجھے اُس وقت بھی معلوم نہیں تھا کہ مجھ سے یہ ویڈیو کیوں بنوائی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دو دن مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی ’جسٹس فار خدیجہ‘ #JusticeforKhadija کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرتا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں فیصل آباد میں ایک میڈیکل کی طالبہ پر تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں اسے شادی سے انکار پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ اس کے بال اور بھنویں کاٹنے کے بعد جوتے چاٹنے پر بھی مجبور کیا گیا تھا۔
Comments are closed.