فیصل آباد میں لاپتہ ہونے والے نوجوان کی لاش نالے سے مل گئی، ورثاء نے موت کا ذمہ دار پولیس کو ٹھہرادیا۔
فیصل آباد کے علاقے غلام محمد آباد میں گزشتہ رات تلاشی کے دوران لاپتہ ہونے والے 22 سالہ نوجوان کی لاش اگلے روز نالے سے برآمد ہوئی، مقتول کے جسم پر تشدد کے نشان بھی پائے گئے۔
ورثاء کی درخواست پر قتل کا مقدمہ درج کرکے دو پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے کر واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق غلام محمد آباد کے رہائشی سید محمد امجد نے درخواست دی تھی کہ جمعرات کی رات اس کا 22 سالہ بیٹا گھر کے باہر موجود تھا کہ دو پولیس اہلکاروں نے اسے تلاشی کے لیے روکا جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہو گیا جبکہ اگلے روز اس کی تشدد زدہ لاش ایک نالے سے برآمد ہوئی۔
پولیس نے مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی جبکہ دونوں پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے حراست میں لے لیا گیا ہے اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) لائل پور ٹاؤن کی سربراہی میں ایک ٹیم نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
Comments are closed.