ملکی سیاست میں فیصلہ کن گھڑی آگئی، قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس کے پندرہ نکاتی ایجنڈا میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم کیخلاف جمع کروائی گئی تحریک پر 147 ارکان کے دستخط ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسپیکر اسد قیصر نے تحریک پیش کرنے کی اجازت دی تو اپوزیشن ارکان وزیراعظم پر عدم اعتماد کی تحریک پیش کریں گے۔
عدم اعتماد کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اس ایوان کی رائے ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھوچکے ہیں، اس لیے انھیں عہدے سے برخاست کردیا جائے۔
دوسری جانب حکومت نے قومی اسمبلی اجلاس کے لیے اپنی حکمتِ عملی تیار کرلی ہے، وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی۔
سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم آخر تک اس مافیا کا مقابلہ کریں گے، تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی۔
تحریک عدم اعتماد پر سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی یقینی ہے اپوزیشن جماعتوں کے نمبر گیم پورے ہیں، معالجین نے اجازت دی تو اگلی فلائٹ سے پاکستان پہنچ جاؤں گا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے باوجود حکومت کی اتحادی جماعتوں نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما عامر خان کا کہنا تھا کہ مشاورت جاری ہے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ہم تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے پہلے فیصلہ کرلیں گے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد 8 مارچ کو جمع کروائی گئی تھی۔
Comments are closed.