ولے ڈی بچ: فیس بک نے غلطی سے فرانسیسی شہر کا صفحہ ہٹا دیا
’بچ‘ شہر کے سرکاری صفحے کو فیس بک کے شرائط کی ’خلاف ورزی‘ کے طور پر ہٹایا گیا تھا
فرانس کے ایک چھوٹے شہر ’بچ‘ کے سرکاری صفحے کو فیس بک سے عارضی طور پر ہٹانے پر اس پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔
سوشل نیٹ ورک کے الگورتھم نے شمال مشرقی فرانس کے شہر کو انگلش کا ایک توہین آمیز لفظ سمجھا۔
بچ کے میئر نے کہا ہے کہ فیس بک نے 19 مارچ کو ان کے 5000 آبادی والے شہر کا سرکاری صفحہ ’شرائط کی خلاف ورزی‘ پر ہٹا دیا تھا۔
فیس بک نے کہا ہے کہ غلطی پکڑے جانے کے بعد انھوں نے منگل کو صفحے کو دوبارہ بحال کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے
شہر کے میئر بینوئت کیفر نے کہا کہ ’19مارچ کو فیس بک نے ہمیں بتایا تھا کہ ولا ڈی بچ، اب آن لائن دستیاب نہیں ہے جس کی وجوہات شرائط کی وہ خلاف ورزی ہے جو فیس بک کے صفحات پر لاگو ہوتی ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ ’ہمارے شہر کا نام برے تلفظ کی نظر ہوا ہے۔‘
بچ کے میئر نے فیس بک کے بانی مارک زوکر برگ کو دعوت دی ہے کہ وہ آئیں اور ان کا شہر دیکھیں
صفحہ ہٹا دیے جانے کے بعد وہاں حکام کو ’میری 57230‘ کے نام سے ایک نیا صفحہ بنانا پڑا۔ یہ نام شہر کے پوسٹ کوڈ کے حوالے سے تھا۔
میئر کیفر نے فیس بک کے مواد کو مانیٹر کرنے کے طریقے پر تنقید کی۔
انھوں نے کہا کہ ’بچ شہر کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے وہ ثابت کرتا ہے کہ موڈریشن کا طریقہ کار ناکافی اور محدود ہیں اور صرف انسانی آنکھ ہی اس کی قدر کر سکتی ہے۔‘
میئر نے کہا کہ فرانس میں فیس بک نے منگل کو ان سے رابطہ کیا تھا اور بتایا تھا کہ صفحے کو دوبارہ آن لائن کر دیا گیا ہے اور انھوں نے زحمت پر معافی مانگی تھی۔
میئر کیفر نے فرانس میں فیس بک کے اہلکار اور فیس بک کے چیف ایگزیکیٹیو مارک زکر برگ کو ’بچ‘ آنے کی دعوت دی تاکہ وہ ’ہمارا خوبصورت قلعہ بند شہر دیکھ سکیں۔‘
فیس بک کے ترجمان نے منگل کو بتایا ’صفحے کو غلطی سے ہٹایا گیا تھا اور پھر جب ہمیں مسئلے کے متعلق پتہ چلا تو جلدی سے اسے بحال کر دیا گیا۔‘
پیر کو علاقے کے ایک اور شہر روہرباش۔لے۔بچ نے اپنے صفحے کا نام بدل کر ولے ڈی روہرباش رکھ لیا ہے۔
Comments are closed.