ہفتہ 26؍ذوالحجہ 1444ھ15؍جولائی 2023ء

فٹبال کی ترقی کیلئے مقابلوں میں تسلسل ضروری ہے، ذولفیا نذیر

پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کھلاڑی ذولفیا نذیر کا کہنا ہے کہ فٹبال کی ترقی کےلیے ضروری ہے کہ مقابلوں کے انعقاد اور فیڈریشن کے معاملات میں تسلسل رہے، اگر فٹبال میں تعطل آیا تو ترقی کا سفر پھر رک جائے گا۔

ذولفیا نذیر پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی سینئر پلیئرز میں سے ایک ہیں، انہیں سنگاپور کیخلاف پاکستان کے اسکواڈ میں منتخب کیا گیا ہے۔ ساف کپ میں انجرڈ ہوجانے والی ذولفیا 10 ماہ بعد انٹرنیشنل میچ میں ایکشن میں واپس آئیں گی اور اس موقع پر وہ کافی پرجوش ہیں۔

کراچی میں جیو نیوز کو انٹرویو میں ذولفیا نذیر نے کہا کہ ساف کپ میں جو انجری ہوئی تھی اس کی وجہ سے وہ فٹبال سے دور رہیں، گیم سے دور رہنا کافی مشکل ہوتا ہے لیکن انہیں ہمیشہ کم بیک کا یقین تھا اور اس کےلیے محنت جاری رکھی تھی۔

ذولفیا کا کہنا تھا کہ ری ہیب پراسس میں دھیرے دھیرے بہتری آئی تو اس سے اعتماد بہتر ہوا اور وہ اب ایک بار پھر فیلڈ میں اتر کر اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کو تیار ہیں۔

ذولفیا نذیر انجری کی وجہ سے سعودی عرب میں ہونیوالا چار ملکی ٹورنامنٹ اور تاجکستان میں اولمپک کوالیفائرز نہیں کھیل پائی تھیں تاہم وہ اس بات پر خوش ہیں کہ ان کی ساتھی پلیئرز کو فٹبال کھیلنے کا موقع ملا۔

ذولفیا نے کہا کہ وہ فٹبال سے دور ضرور تھیں لیکن انہیں یہ خوشی تھی کہ پاکستان کو انٹرنیشنل میچز مل رہے ہیں کیوں کہ ٹیم کو جتنے زیادہ میچز ملیں گے ٹیم کی کارکردگی اتنی ہی بہتر ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پلیئرز کو اگر یونہی تسلسل سے میچز ملتے رہے تو ویمن ٹیم کی کارکردگی پہلے سے بہتر ہوجائے گی۔

ایک سوال پر ذولفیا نے امید ظاہر کی کہ جیسے معاملات اب چل رہے ہیں آگے بھی ایسے ہی چلیں اور فٹبال میں تسلسل رہے کیونکہ اگر تعطل آیا تو اس سے فٹبال پھر رک جائے گی جس سے کھیل کی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن گزشتہ چند سالوں کے دوران دو مرتبہ پابندی کا شکار رہی جس کی وجہ سے پاکستانی فٹبالرز متعدد انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت سے محروم رہے تھے۔

ذولفیا نے کہا کہ پاکستان ویمن ٹیم جیسا ساف میں کھیلی اور جیسا اب کھیل رہی ہے اس میں کافی فرق ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ میچز کھیل کر ٹیم کی کارکردگی میں نکھار آیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیم کے کوچز نے بھی پلیئرز پر کافی محنت کی ہے اور ٹیم ایک اچھا یونٹ بنے کی طرف گامزن ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.