ہفتہ15؍جمادی الاول 1444ھ10؍دسمبر 2022ء

فٹبال ورلڈکپ میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے امریکی صحافی کا انتقال

امریکا کے نامور کھیلوں کے صحافی گرانٹ وال قطر میں ارجنٹینا اور نیدرلینڈز کے فٹبال میچ کے دوران اسٹیڈیم میں ہی انتقال کرگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وال اسٹیڈیم کے پریس باکس میں تھے جب ورلڈکپ کوارٹر فائنل میں اضافی وقت کے دوران اچانک گر گئے۔

طبی عملے نے انہیں سی پی آر دیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے، وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔

گرانٹ وال کی اہلیہ ڈاکٹر سیلین گونڈر وبائی امراض کی ماہر ہیں اور انہوں نے صدر جو بائیڈن کی کورونا وائرس ٹاسک فورس میں بھی کام کیا ہے۔

امریکی ساکر ایسوسی ایشن نے ٹوئٹ کرتے ہوئے گرانٹ وال کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں بہت دکھ ہے کہ گرانٹ وال اب نہیں رہے، امریکا میں فٹبال کے فروغ کے لیے گرانٹ نے بہت اہم کردار ادا کیا۔

آنجہانی گرانٹ وال فٹبال رپورٹنگ کے حوالے سے شہرت رکھتے تھے، قطر فیفا ورلڈکپ ان کا آٹھواں ورلڈکپ تھا۔

انہوں نے سابق برطانوی فٹبال کپتان ڈیوڈ بیکہم پر کتاب لکھی جو سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتابوں میں شامل ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہم گرانٹ وال کی موت پر بے حد افسردہ ہیں اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔

امریکی عہدیدار نے مزید کہا کہ ہم سینئر قطری حکام سے رابطے میں ہیں تاکہ گرانٹ وال کے اہلخانہ کی خواہشات ہر ممکن حد تک پوری کی جاسکیں۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.