جمعرات 3؍ذوالحجہ 1444ھ22؍جون 2023ء

فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف درخواستوں پر سماعت کا دوبارہ آغاز

سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر سماعت کا دوبارہ آغاز ہو گیا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 7 رکنی بینچ سماعت کر رہا ہے۔

جسٹس فائز عیسیٰ اور جسٹس طارق مسعود بینچ کا حصہ نہیں ہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میں ایک درخواست گزار جواد ایس خواجہ کا رشتے دار ہوں، کسی کو میری بینچ میں شمولیت پر اعتراض ہے تو ابھی بتا دیں۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ کسی کو آپ کی بینچ میں شمولیت پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی، لارجر بینچ میں نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بھی شامل ہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ اٹارنی جنرل بھی بتا دیں کوئی اعتراض ہے تو بینچ سے الگ ہو جاؤں گا۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ آپ کے بینچ کا حصہ ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

اعتزاز احسن کے وکیل لطیف کھوسہ نے فارمیشن کمانڈرز اجلاس کا اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔

 لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سویلینز کا ٹرائل یا تو کوئی کرنل کرے گا یا بریگیڈیئر۔

جسٹس منصور علی شاہ نے وکیل لطیف کھوسہ سے سوال کیا کہ یہ جو آپ پڑھ رہے ہیں اس میں آئی ایس پی آر کا نام کہاں لکھا ہے؟ 

وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ یہ آئی ایس پی آر کا ہی جاری اعلامیہ ہے، کابینہ نے آئی ایس پی آر کے اعلامیے کی توثیق کی۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ بیانات سے نکل کر اصل قانون کیا ہے وہ بھی بتا دیں۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ انسداد دہشت گردی عدالت سے درخواست کر کے سویلینز کے کیسز فوجی عدالتوں میں منتقل کرنے کا کہا گیا، جس نے بھی تنصیبات پر حملہ کیا ان سے میری کوئی ہمدردی نہیں ہے، جس نے جو جرم کیا ہے اس کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔

جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ جو تمام مقدمات بنائے گئے انہیں سننے کا اختیار تو انسداد دہشت گردی عدالت کو پہلے ہی حاصل ہے۔

وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہمارا یہی مؤقف ہے کہ کیسز انسداد دہشت گردی عدالت میں چلیں فوجی عدالتوں میں نہیں، 9 مئی کے واقعات کی آڑ میں نو دس ہزار افراد کو گرفتار کیا گیا۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہم چاہ رہے ہیں کہ صرف حقائق میں رہیں، جو مقدمات درج ہوئے ان میں متعدد نام ہیں، مقدمات میں کچھ پولیس اہلکاروں کے نام کیوں شامل کیے گئے؟

واضح رہے کہ فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر سماعت کرنے والا بینچ جسٹس فائز عیسیٰ اور جسٹس طارق مسعود کے اعتراضات کے بعد اٹھ کر چلا گیا تھا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کیس کی سماعت کے لیے 7 رکنی بینچ تشکیل دیا، جس میں اعتراض کرنے والے دونوں جج کو شامل نہیں کیا گیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.