پیر 24؍ شوال المکرم 1444ھ 15؍مئی 2023ء

فوجی تنصیبات کی توڑپھوڑ کرنیوالوں کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی، کورکمانڈر کانفرنس

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں اسپیشل کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔جس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوجی تنصیبات کی توڑپھوڑ کرنیوالوں کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے  شرکاء نے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے دہشت گردی کی لعنت سے لڑتے ہوئے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

کانفرنس میں ملک میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انسداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، خاص طور پر مسلم باغ حملے میں فوجیوں کی طرف سے دیے گئے دلیرانہ جواب پر خراج تحسین اور سرزمین کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

کانفرنس میں فورم کو موجودہ اندرونی اور بیرونی سلامتی کے ماحول کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ فورم نے گزشتہ چند دنوں میں امن و امان کی صورت حال کا جامع جائزہ لیا۔ فورم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہدا کی تصاویر، یادگاروں کی بے حرمتی، تاریخی عمارتوں کو نذر آتش کرنے اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ کے  منصوبے پر عمل درآمد کیا گیا، جس کا مقصد ادارے کو بدنام کرنا اور اسے ایک زبردست ردعمل کی طرف اکسانا تھا۔

فورم نے فوجی تنصیبات اور سرکاری و نجی املاک کے خلاف سیاسی طور پر محرک اور اکسانے والے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  ناقابل تردید شواہد کی بنیاد پر مسلح افواج ان حملوں کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں اور مجرموں سے بخوبی واقف ہیں۔ اس سلسلے میں غلط فہمی پیدا کرنے کی کوششیں بالکل بے سود ہیں۔

فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فوجی تنصیبات کے خلاف ان گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کو پاکستان کے متعلقہ قوانین بشمول پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔فورم نے فیصلہ کیا کہ کسی بھی حالت میں فوجی تنصیبات اور سیٹ اپ پر حملہ کرنے والے مجرموں کے  خلاف مزید تحمل کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔

کانفرنس میں سوشل میڈیا کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دینے کے لیے متعلقہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔  فورم نے جاری سیاسی عدم استحکام کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکے اور  اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی اور جمہوری عمل کو تقویت مل سکے۔

کورکمانڈر کانفرنس نے عزم کیا کہ پاک فوج پاکستان کے عوام کی مکمل حمایت سے دشمنان پاکستان کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی۔

You might also like

Comments are closed.