اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وقافی وزیر فواد چوہدری کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔
فواد چوہدری کی الیکشن کمیشن کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کےخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے فواد چوہدری کو 20 جولائی کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
سماعت کے دوران فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں فواد چوہدری کے خلاف توہین کمیشن کی کارروائی جاری ہے۔
عدالت نے کہا کہ چیف جسٹس نے فیصلہ دیا کہ توہین کمیشن کی کارروائی جاری رہے گی، چیف جسٹس نے اپنے فیصلے میں کمیشن کو اس معاملے پر حتمی فیصلے سے روکا ہے۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی ہے وہ بھی عدالت ہے، آپ کو نوٹس جاری ہوئے ہیں، آپ کے وارنٹ گرفتاری معطل کر رہے ہیں کمیشن کے سامنے پیش ہوں، اگر پیش نہ ہوئے تو توہین عدالت کی کارروائی ہو گی۔
عدالت نے سوال کیا کہ کیا وجہ ہے کہ آپ وہاں ذاتی حیثیت میں پیش نہیں ہو رہے۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ آپ نے تو ہائی کورٹ کے آرڈر کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔
وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ ہم اُسی دن اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے پیش ہوئے تھے۔
جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کونسا کراچی میں ہے، ہائی کورٹ سے وہاں چلے جاتے، آپ نے ہائی کورٹ کے آرڈر کی خلاف ورزی کی ہے، کمیشن میں پیش نہیں ہو رہے۔
وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کو تیار ہیں۔
Comments are closed.